کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں جدید میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد سندھ کی تاریخ، ثقافت، اور ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ کے مطابق یہ میڈیا یونیورسٹی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر قائم کی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو اس منصوبے کے آغاز کی ہدایت کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ میڈیا یونیورسٹی سندھ کی تاریخی و ثقافتی میراث کو عالمی سطح پر نمایاں کرے گی۔ سندھ حکومت اس ادارے کو میڈیا تعلیم، تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے عالمی معیار کا ادارہ بنانے کی کوشش کرے گی۔
مصطفیٰ عبداللہ بلوچ نے بتایا کہ یہ یونیورسٹی عوامی و نجی شراکت داری (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) کے تحت قائم کی جائے گی، اور یہ سندھ کے عوام کے لیے ترقی، تخلیق اور ثقافتی فخر کا نیا مرکز ثابت ہوگی۔ سندھ حکومت نے اس طرح کے منصوبوں کو پہلے بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے، اور میڈیا یونیورسٹی اس سلسلے کی ایک اور اہم کامیابی ہوگی۔