پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشعال یوسفزئی نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیم دینے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا دی گئی، اور بشری بی بی کو ٹرسٹی ہونے پر سات سال کی سزا سنائی گئی۔
مشعال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں فیصلہ سنانے میں دیر اس لیے کی گئی تاکہ پریشر ڈالا جائے، لیکن عمران خان نے کہا کہ فیصلہ سناؤ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ سانحہ ڈی چوک اور نو مئی کے واقعات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عمران خان نے اپنی بات پر قائم رہنے کی عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کارکنوں اور پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھیں گے۔ مشعال یوسفزئی نے مزید کہا کہ 190 ملین پاونڈ کے فیصلے کا جلد نتیجہ سامنے آ جائے گا اور اس پر دو ہفتوں میں کارروائی متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کھڑے تھے، کھڑے ہیں، اور کھڑے رہیں گے۔