فتنہ الخوارج نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش میں دھماکہ خیزمواد سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرا دی
چیک پوسٹ کا انفرا سٹرکچر تباہ گیا‘ قریبی رہائشی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں‘ ایک کمسن بچی شہید ‘ خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہو گئے :آئی ایس پی آر
ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے:آصف زرداری‘پوری قوم پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے :شہباز شریف
راولپنڈی ‘اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالوں کی چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج نے حملہ کرتے ہوے چیک پوسٹ سے اندر داخل ہونیکی کوشش میں دھماکہ خیزمواد سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرا دی، چیک پوسٹ کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہونے سے 11 اہلکار شہید ہو گئے ۔ جوابی کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہوے آئی ایس پی آر کے مطابق* ہندوستانی حمائیت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر ایک بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا، حملہ آوروں کی بڑی تباہی کیلئے چیک پوسٹ سے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکورٹی فورسز کی فوری *کارروائی میں بارہ خوارج مارے گئے* ، حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، دھماکے سے چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں *وطن کے گیارہ بہادر سپوت شہید ہوگئے، دھماکے سے قریب میں واقع شہریوں کی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، اور ایک معصوم کمسن بچی شہید اور خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوئے، ‘صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ اپنے بیان میں صدرِ نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے قربانی دینے والے شہداء کی قربانی ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے اور ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔دریں اثناء ترک جریدے ڈیلی صباح کے ایک آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تیز اور فیصلہ کن ردعمل نے دہشتگردی کو سٹریٹجک جیت میں بدلنے سے روک دیا۔اسلام آباد اور بلوچستان دہشت گردی کی شکست پر ترکی جریدے ڈیلی صباح کے آرٹیکل میں کہا گیا کہ پاکستان کی برداشت اور استحکام کو دو بڑے دہشت گرد حملوں نے آزمایا، پاکستان کے بھرپور اور تیز ردعمل نے دہشت گردی کو سٹریٹجک جیت میں بدلنے سے روک دیا۔ترک جریدے کے مطابق اسلام آباد مسجد حملہ اور بلوچستان میں مربوط دہشت گردی کا مقصد خوف، فرقہ وارانہ بے چینی اور ریاست پر اعتماد کو کمزور کرنا تھا، دہشت گردوں کی حکمت عملی علاقے پر قبضہ نہیں بلکہ عوامی اعتماد کو متزلزل کرنا اور ریاستی کمزوری کا تاثر دینا تھا۔