بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے کھلاڑیوں کے دباؤ کے بعد ایک نئی ٹریول پالیسی میں تبدیلی کی ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کو اپنے اہلخانہ اور گرل فرینڈز کو ساتھ لے جانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بدترین ٹیسٹ میچز میں شکستوں کے بعد لیا تھا۔ اس سے قبل بی سی سی آئی نے چیمپئینز ٹرافی میں کھلاڑیوں کو بیویوں اور گرل فرینڈز کے بغیر ٹور پر جانے کا حکم دیا تھا، جس پر سینئر کرکٹرز نے شدید احتجاج کیا۔اب بورڈ نے کھلاڑیوں کو یہ رعایت دی ہے کہ وہ ایک میچ کے لیے اپنے اہلخانہ یا گرل فرینڈز کو ساتھ لے جا سکتے ہیں۔ تاہم، یہ اجازت محض ایک میچ تک محدود ہو گی۔بھارتی کرکٹ ٹیم حال ہی میں دبئی پہنچی تھی، جہاں اس نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔
تاہم، اس وقت تمام کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف اپنی فیملیز کے بغیر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔ بھارتی ٹیم 20 فروری کو چیمپئینز ٹرافی میں بنگلادیش کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی، اور 23 فروری کو پاکستان کے ساتھ روایتی حریف کے طور پر میچ میں مدمقابل ہو گی۔اس سے قبل بی سی سی آئی کے نئے اصولوں کے مطابق، 45 دن یا اس سے زائد طویل دوروں پر کھلاڑیوں کو صرف 7 دن کے لیے اپنے اہلخانہ یا گرل فرینڈز کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت تھی۔