بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی سے نکالے گئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے شیر افضل مروت کو عمران خان کا پیغام پہنچایا۔ مروت نے اس بارے میں کہا کہ انہیں پارٹی کے کسی ممبر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بلایا ہے، اور ملاقات میں وہ اس بات کا شکوہ کریں گے کہ انہیں بغیر سنے کیوں نکالا گیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیر افضل مروت کے حق میں بانی پی ٹی آئی کو پیغام بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، زرتاج گل، جنید اکبر اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران شیر افضل مروت نے سوال اٹھایا کہ انہیں کیوں نکالا گیا؟ اور ارکان نے اس فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔پارٹی کے دیگر ارکان نے کہا کہ اس فیصلے کی وجہ سب کو بتائی جائے اور اس پر نظر ثانی کی جائے۔ بیرسٹر گوہر نے اس بات کو پارٹی کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اندرونی سطح پر حل کیا جائے گا۔