پاکستان اور سعودیہ کے درمیان حکومتی سطح پر کئی معاہدے زیر غور ہیں وزیر خزانہ

سعودی تیل کمپنی آرامکو سے سرمایہ کاری کیلئے مذاکرات جاری  ہیں، آرامکو کا ڈائون سٹریم انڈسٹری میں آنا بہت مثبت پیشرفت ہے:انٹرویو

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے  پاکستان اور سعودیہ کے درمیان حکومتی سطح پر  کئی معاہدے زیر غور ہیں، پاکستان سے سعودی عرب کو ہنرمند افرادی قوت کی برآمد بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ العلا کانفرنس کے موقع پر عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے  کہا  سعودی عرب کی ویژن 2030ء  سے سیکھنے کے لئے پاکستان پْرعزم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری طویل المدتی اور انتہائی مضبوط ہے، سعودی عرب ویژن 2030ء￿  کے اہداف وقت سے پہلے حاصل کر رہا ہے۔ سعودی عرب کی کامیابیوں سے پاکستان کو اپنی اقتصادی اصلاحات میں رہنمائی مل سکتی ہے۔ سعودی عرب کی حمایت اور آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون پر شکر گزار ہیں، العلا کانفرنس ابھرتی معیشتوں کے درمیان تعاون اور اقتصادی استحکام کے لیے اہم فورم ہے۔ سعودی تیل کمپنی آرامکو کا ڈائون اسٹریم انڈسٹری میں آنا بہت مثبت پیشرفت ہے۔