پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا بار کونسل کی اپیل پر سول ججز بھرتیکیلئے 2 سالہ وکالت کا تجربہ ختم کرنے پر وکلا کی جانب سے بدھ کو احتجاج کیا گیا ، پشاور سمیت صوبہ بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔وکلا کا احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سول ججز بھرتی کے طریقہ کار میں تبدیلی کو مسترد کرتے ہیں، سول ججز کی بھرتی کے لئے دو سال کا وکالت تجربہ ختم کرنا غلط ہے۔انکا کہنا تھا کہ سول ججز کی بھرتی کے لیے دو سال تجربے کی شرط بار کونسل اور پشاور ہائیکورٹ کی مشاورت سے رکھی گئی تھی، پشاور ہائیکورٹ اور کے پی بار کونسل سے مشاورت کے بغیر بھرتی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی۔وکلا نے مزید کہا کہ وکالت کا دو سالہ تجربہ ختم کرنے سے سول ججز بھرتی میں اپنوں کو نوازنے کے لئے راستہ ہموار کیا جارہا ہے۔اس موقع پر صوبہ بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا جس سے سائلین کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا ۔