آزاد کشمیر کے ڈومیسائل پر اسلام آباد سول ججز بھرتی کے لئے امتحان سے روکنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کا ڈومیسائل رکھنے والی وکیل کو اسلام آباد کے سول ججز کی بھرتی کے لیے امتحان سے روکنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے ذوفشاں صدیقی ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہمیں امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے، جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کی درخواست تو اب غیر موثر ہوچکی ہے کیونکہ کل 30 اکتوبر کو آخری پیپر ہے، آپکی درخواست پر جواب 20 کو جمع ہو چکا آپ 23  اکتوبر کے امتحان سے پہلے متفرق درخواست دیتے، امتحان 23 اکتوبر سے شروع ہوئے تھے اب کیسے یہ درخواست سنوں، آج سیکنڈ لاسٹ پیپر ہے اور کل آخری پیپر ہے۔وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدالت یہ آرڈر کردے کہ ہمیں اگلے کسی بھی امتحان میں شرکت سے نہ روکا جائے ، جسٹس ایاز شوکت نے کہا کہ اگلا امتحان جب آئے گا تو آپ نئی درخواست دے دینا ، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس نوعیت کی ایک اور عمیر شفیق ایڈووکیٹ کی درخواست یہاں زیر التوا ہے ۔جسٹس ایاز شوکت نے کہا کہ وہ درخواست بھی غیر موثر ہو چکی ہے، وکیل نے کہا کہ ہم یہ والی درخواست پریس نہیں کر رہے، عدالت اگلے امتحان میں شرکت سے متعلق آرڈر کردے ،جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دئیے کہ چلیں اس حوالے سے میں آرڈر پاس کردونگا۔