والد کو اس کوٹھری میں رکھا گیا ہے جس میں سزائے موت کے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے
جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے:سلیمان وقاسم کا انٹرویو
لندن(آئی این پی) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے کہا ہے انہوں نے ویزا کیلئے درخواست دیدی ہے اور وہ جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے الزام لگایا ان کے والد کو جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، والد کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے کہ وہ انتہائی شرمناک ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسکائی نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا ۔ لندن میں مقیم قاسم اور سلیمان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے عمران خان سے ملاقات کیلئے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا ہے ؟، حالانکہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور وہ عمران خان سے ملاقات کر سکتے ہیں،جواب میں قاسم نے کہا، اب ہم نے منصوبہ بنا لیا ہے کیونکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے یہ بات کھلے عام کہی ہے۔ لہذا اگر وہ اپنے الفاظ سے پیچھے نہ ہٹے تو ہمیں امید ہے کہ ہم جنوری میں جا سکیں گے، ہم نے ویزا کیلئے درخواست دے دی ہے۔ابھی ویزا نہیں آیا، مگر ہمیں امید ہے کہ آ جائے گا، اسی لیے ہم جنوری کے سفر کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ وہ عمران خان سے مل کر کیا کہیں گے اور کیا وہ ان سے کوئی ڈیل کرنے پر غور کرنے کا کہیں گے۔اس پر قاسم نے وضاحت کی کہ آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ ان کی زندگی ہے، یہ ان کا جنون اور مقصد ہے، وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ان کی زندگی کا مقصد ہے۔انہوں نے مزید کہا، اگر وہ کوئی ڈیل کر کے ہمارے پاس آ جائیں اور انگلینڈ میں رہنے لگیں تو مجھے معلوم ہے کہ ان کے دل میں یہ احساس رہے گا کہ انہوں نے اپنے ملک کو اس کے حال پر چھوڑ دیا اور سچ کہوں تو وہ افسردہ ہو جائیں گے۔