7 ماہ میں پولیس کیخلاف کیسزکے عدم اندراج ،ناقص تفتیش، کرپشن کی 84 ہزار سے زائد شکایات موصول
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات میں اضافہ ،اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ساڑھے 84 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں مقدمات کے عدم اندراج، ناقص تفتیش، کرپشن اور پولیس سروسز سے متعلق شکایات شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 39 ہزار شکایات مقدمات کے عدم اندراج سے متعلق درج ہوئیں، 37 ہزار 500 نمٹادی گئیں۔ناقص تفتیش بارے 19 ہزار 300 شکایات درج ہوئیں، 17 ہزار 600 کو نمٹایا گیا۔ ناقص تفتیش سے متعلق شکایات میں ریکوری نہ ہونا، غلط تفتیش اور تفتیش تبدیلی سمیت دیگر معاملات شامل تھے۔پولیس کی کرپشن اور رشوت وصولی بارے14 ہزار 700 شکایات درج ہوئیں، 13 ہزار 500 کا ازالہ کیا گیا۔پولیس سروسز بارے 6 ہزار 400 شکایات موصول ہوئیں جبکہ پولیس ملازمین اور افسروں کے خلاف 704 شکایات درج کرائی گئیں۔ آئی جی کمپلینٹ سیل میں موصول مجموعی درخواستوں میں سے 94 فیصد نمٹائی جا چکی ہیں جبکہ 6 فیصد زیر التوا ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے شکایات ازالے کے لیے آئی جی پنجاب کو خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شکایات کے بروقت ازالے اور محکمانہ احتساب کو مزید مئوثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔