بھارتی سینئر اداکارہ جیوتی چندیکر انتقال کر گئیں

بھارتی سینئر اداکارہ جیوتی چندیکر انتقال کر گئیں

ویب ڈیسک: بھارت کی مراٹھی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ جیوتی چندیکر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ وہ 68 برس کی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیوتی چندیکر 16 اگست کو پونے میں چل بسیں۔ ان کے انتقال کی خبر ان کی بیٹی اور اداکارہ تیجسونی پنڈت نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو دی۔ تیجسونی نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا:"اطلاع دی جاتی ہے کہ ہماری پیاری ماں اور سب کی دلعزیز سینئر اداکارہ جیوتی چندیکر پنڈت اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔"اہل خانہ کے مطابق اداکارہ کی آخری رسومات 17 اگست کو پونے ہی میں ادا کی گئیں، جہاں مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

شاندار فنی سفر
جیوتی چندیکر نے محض 12 سال کی عمر میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ ان کا کیریئر پانچ دہائیوں سے زائد پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے بے شمار فلموں اور ڈرامہ سیریلز میں یادگار کردار ادا کیے۔مراٹھی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کو اپنی لازوال فنی خدمات کے اعتراف میں کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ وہ نہ صرف اسکرین پر اپنی شاندار اداکاری کے لیے جانی جاتی تھیں بلکہ ان کی شائستہ شخصیت اور فن کے ساتھ لگن نے بھی مداحوں کے دل جیتے۔

مداحوں اور ساتھی فنکاروں کا غم
جیوتی چندیکر کے انتقال کی خبر پر بھارتی فلم انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم فنکارہ اور بہترین انسان قرار دیا۔