انسدادتجاوزات آپریشن، 25ٹرک سامان ضبط

 لاہور سے 5ہزار سے زائد بینرز، پوسٹرز، سٹریمرز، بصری آلودگی مواد ہٹا دیا گیا 
لاہور (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن جاری ہے ، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں 25ٹرک سامان ضبط، 600سے زائد تجاوزات ہٹادی گئیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے 5ہزار سے زائد بینرز، پوسٹرز، سٹریمرز، بصری آلودگی مواد ہٹا دیا گیا۔ فیروز پور روڈ، مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر انسداد تجاوزات کارروائیاں کی گئیں۔ بھاٹی چوک، لاری اڈہ اور سرکلر روڈ پر بھی آپریشنز کئے گئے۔ میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل نے کہا کہ آپریشن کا مقصد شہریوں کو کشادہ اور صاف ستھری سڑکیں فراہم کرنا ہے، روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں آپریشنز جاری ہیں، عوامی راستوں پر دوبارہ قبضے کی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے تک آپریشن جاری رہے گا، عوامی مقامات کی بحالی اور ٹریفک کی روانی کیلئے آپریشنز ناگزیر ہیں، لاہور کو تجاوزات سے پاک کیا جا رہا ہے۔