ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوٹرل وینیو پر پاکستان کی درخواست کو رد کردیا

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوٹرل وینیو پر پاکستان کی درخواست کو رد کردیا

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ہاکی انڈیا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے میچز نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ قومی ٹیم کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کرائے جائیں یا پھر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا مکمل ایونٹ بھارت کے بجائے کسی دوسرے ملک میں منعقد کیا جائے۔پاکستان کی درخواست پر ہاکی انڈیا کے سیکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں ہی منعقد ہوگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہاکی انڈیا کا مؤقف ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بھی بھارت میں آکر ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ اگر پاکستان ایونٹ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں آتا تو پہلے سے اعلان کردہ متبادل ٹیم کو ٹورنامنٹ میں مدعو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی ریاست پنجاب کے شہروں جالندھر اور موہالی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔دو روز قبل بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی ٹورنامنٹ کے شیڈول کے اعلان کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت آئے گی۔دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی درخواست اور ہاکی انڈیا کے مؤقف پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔