ایشین گیمز: مینجمنٹ کی سنگین غلطی، پاکستان ٹیم کو غلط وینیو پر پہنچا دیا گیا

ایشین گیمز: مینجمنٹ کی سنگین غلطی، پاکستان ٹیم کو غلط وینیو پر پہنچا دیا گیا

ایچی ناگویا گیمز کے منتظمین نے پاکستان کی والی بال ٹیم کو میچ کے لیے غلط مقام پر پہنچانے کے واقعے پر معذرت کرلی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرانسپورٹ میں غلطی کے باعث پاکستان کی ٹیم ازبکستان کے خلاف پول اے کے میچ سے قبل مقررہ وینیو کے بجائے دوسرے مقام پر پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں میچ کا آغاز بھی تاخیر کا شکار ہوا۔پاکستانی ٹیم کے کپتان مراد جہاں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتظامی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا اور اسے بدانتظامی کا ایک اور واقعہ قرار دیا۔منتظمین کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی ٹیم کو اوکازاکی جانا تھا، تاہم بس ڈرائیور غلطی سے کھلاڑیوں کو انویا لے گیا، جہاں پریکٹس وینیو موجود تھا۔بعد ازاں راستہ درست کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو اوکازاکی پہنچایا گیا، جس کے بعد میچ کا وقت بھی آگے کردیا گیا۔

منتظمین نے پاکستان کے علاوہ جنوبی کوریا کی ٹیم سے بھی معذرت کی، جسے غلط مقام پر پہنچنے کے باعث پریکٹس سیشن سے محروم ہونا پڑا۔تاخیر اور سفری مشکلات کے باوجود پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 0-3 سے شکست دے دی اور مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔واضح رہے کہ ایچی ناگویا گیمز کے دوران ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سے متعلق مسائل پر منتظمین اس سے قبل بھی معذرت کرچکے ہیں۔