پاکستان میں 2024 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ انٹرنیشنل ہاکی کا میلہ بھی سجنے جا رہا ہے۔
جرمنی اور ہالینڈ کے معروف ہاکی کلب پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کی مدت گیارہ فروری سے اٹھارہ فروری تک ہوگی۔ اس کے بعد مارچ میں جرمنی کی نیشنل جونیئر ہاکی ٹیم پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلے گی۔پاکستان میں غیرملکی ہاکی ٹیموں کی آمد کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ سے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے اسپورٹس اولمپئن خواجہ جنید اور واٹس گول جرمنی کے چیف ایگزیکٹو جنید چھٹہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات کو جرمنی اور ہالینڈ کے ہاکی کلب ٹیموں کی پاکستان آمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے اس اقدام کو سراہا اور پی ٹی وی پر تمام میچز براہ راست دکھانے کا یقین دلایا۔خواجہ جنید نے بتایا کہ جرمنی اور ہالینڈ کے کلبز کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کھیلتا پنجاب کی ٹیمیں میچز کھیلیں گی۔
لاہور اور اسلام آباد میں انٹرنیشنل ہاکی کے میچز منعقد ہوں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ معروف غیرملکی ہاکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے نہ صرف کھیلوں کا فروغ ہوگا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا روشن چہرہ بھی سامنے آئے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ہاکی ٹیموں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کا یقین دلایا تھا۔اس دورے کے ذریعے پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اُبھرے گا۔