کوئی استعفیٰ نہیں دیا، یہ جعلی خبر ہے:عاقب جاوید

لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عاقب جاوید نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سے ہٹائے جانے کی خبروں کو مسترد کردیا ۔ایک انٹرویو میں عاقب جاوید نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفے سے متعلق خبریں درست نہیں۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین نے مختصر جواب میں کہا کہ کوئی استعفی نہیں، یہ جعلی خبر ہے۔عاقب جاوید کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ذرائع ابلاغ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے بعد بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری کررہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ممکنہ تبدیلیوں میں عاقب جاوید کو سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا جانا بھی شامل تھا۔اس کے علاوہ خواتین کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کو جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کے بعد ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔تاہم اب عاقب جاوید نے اپنے استعفے یا عہدے سے علیحدگی کی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دیا ہے۔