اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان نے یہ حکم نامہ تحریری طور پر جاری کیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک جسٹس جہانگیری اپنے منصب پر کام نہیں کریں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور جج کی اہلیت سے متعلق سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔عدالت کو بتایا گیا کہ جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک شکایت بھی زیرِ سماعت ہے۔ حکم نامے کے مطابق، اس شکایت اور دیگر قانونی پہلوؤں پر فیصلہ آنے تک انہیں ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا گیا ہے۔مزید برآں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے 21 اکتوبر کو معاونت طلب کر لی ہے، جبکہ ایک اور درخواست گزار کی کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔