اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے اعتراضات مسترد کر دیے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے اعتراضات مسترد کر دیے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے ڈگری کیس میں دائر دو اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تشکیل شدہ دو رکنی ڈویژن بنچ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامے میں بتایا کہ جسٹس جہانگیری کا سنگل بنچ کے بجائے دو رکنی بنچ کی تشکیل پر اعتراض جائز نہیں ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے ایک جج پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اور معاملے کی حساسیت کے پیش نظر انتظامی اختیار کے تحت دو رکنی بنچ تشکیل دیا گیا، جو چیف جسٹس ہائیکورٹ کا صوابدیدی اختیار ہے۔حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ خصوصی بنچ کی تشکیل کوئی نئی مثال نہیں ہے اور جسٹس جہانگیری کے چیف جسٹس پر تعصب کے اعتراض کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں۔

 علاوہ ازیں، جسٹس جہانگیری سمیت دیگر ججز کی چیف جسٹس کے تبادلے کے خلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت سے مسترد ہو چکی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے جسٹس جہانگیری کو درخواست کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا اور یونیورسٹی کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات بھی دینے ہدایت کی گئی۔ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی فریق بنانے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔