شہباز شریف کا افغانستان کے حالیہ حملوں پر ردعمل اور تشویش کا اظہار

شہباز شریف کا افغانستان کے حالیہ حملوں پر ردعمل اور تشویش کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے حالیہ حملے اور دراندازی کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی مدد کے لیے پاکستان نے ہر مشکل وقت میں تعاون کیا ہے اور افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے کے لیے سفارتی اور سیاسی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیدار متعدد بار افغانستان کے دورے پر گئے ہیں اور افغان نگران حکومت سے مذاکرات کیے ہیں تاکہ دہشتگردی کے لیے سرزمین کے استعمال کو روکا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانوں کا نقصان اٹھایا ہے اور معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی جلد وطن واپسی یقینی بنائی جائے گی اور افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے افغانستان کے حالیہ حملوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا ہے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج نے حملوں کو پسپا کیا ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سے گفتگو اور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی اور کہا کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔اس اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اور مختلف صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے، جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔