پولیس اور تحقیقاتی اداروں کا واقعات کے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں ہنجروال، ہیر، کاہنہ اور نواب ٹائون میں پیش آنے والے واقعات میں چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ہنجروال کے علاقے میں 28 سالہ مطیع اللہ کو اس کے گھر سے مردہ حالت میں پایا گیا ،متوفی نشے کا عادی تھا اور نشے کی زیادتی کے باعث جاں بحق ہوا۔دوسرے واقعہ میں ہیر کے علاقے بیدیاں روڈ پر 55 سالہ عبدالغفور حرکتِ قلب بند ہونے سے دم توڑ گیا۔کاہنہ کی چوکی انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر کی چھت پر پانی کی ٹینکی سے 40 سالہ حبیب ولد عبدالعزیز کی لاش برآمد ہوئی جبکہ نواب ٹائون کے علاقے ایکسپو سینٹر کے قریب سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے تمام واقعات کے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ لاشوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔