برازیل : اے آئی سے جعلی دعائو ں کا کاروبار، لاکھوں کا فراڈ،35 رفتار

 فون کے ذریعے رابطہ، مصنوعی ذہانت سے ہر شخص کیلئے الگ الگ جعلی دعائیں تیار
  دعا کی قیمت10  ڈالر،دعائیںقسمت سنوارنے کے دعوئوں کے ساتھ بیچی جاتی تھیں
برازیلیہ(آئی این پی) برازیل میں جعل سازوں نے مصنوعی ذہانت(اے آئی )( کی مدد سے جعلی کرامات کی دعائیں تیار کر کے سادہ لوح مذہبی افراد کو بیچ کر بھاری رقم کمائی۔  غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق پولیس نے دو سال سے یہ کاروبار کرنے والے 35 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مذکورہ  فرد  عوام سے فون یا سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرتا، ان کی ذاتی زندگی اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کرتا اور پھر مصنوعی ذہانت سے ہر شخص کے لئے  الگ الگ جعلی دعائیں تیار کر کے فروخت کرتا۔  رپورٹ کے مطابق ہر دعا کی قیمت تقریبا 10 امریکی ڈالر مقرر تھی، اور یہ دعائیں بیماریوں کے خاتمے یا قسمت سنوارنے کے دعوئوں کے ساتھ بیچی جاتی تھیں۔  کئی متاثرین نے پہلی دعا خریدنے کے بعد مزید دعائیں بھی خریدیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ واقعی روحانی مدد حاصل کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی نے اس دھوکے کو مزید موثر بنایا کیونکہ تیار کردہ دعائیں جذباتی انداز میں لکھی جاتی تھیں۔  جو لوگوں کے عقیدے اور امیدوں کو بھنانے کا ذریعہ بن گئیں،تحقیقات کے بعد ملزمان پر فراڈ اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کئے گئے ۔  پولیس نے  شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثر ہونے کی صورت میں رپورٹ درج کرائیں تاکہ مزید ثبوت اکٹھے کئے جا سکیں۔