پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے
معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے:واشنگٹن میں گفتگو
واشنگٹن (آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں ۔ان خیالات کاظہار انہوںنے اپنے دورہ امریکا کے تیسرے روز سعودی عرب اور آذربائیجان کے ہم منصبوں سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتوں کے دورا ن کیا ۔وزارتِ خزانہ سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے ملاقات کی، اور انہیں پی آئی اے اور اہم ہوائی اڈوں کی نجکاری کے عمل سے آگاہ کیا او ر اس بات پر زور دیا کہ حکومت شفافیت اور کارکردگی کے ذریعے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے سے محمد اورنگزیب نے اپنی ملاقات میں الجدعان کو یقین دلایا کہ پاکستان طویل المدتی معاشی استحکام کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کے عمل کو پرعزم انداز میں جاری رکھے گا اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔