مالی سال 2027 میں حقیقی جی ڈی پی کی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے
مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حد میں آجائے گی:معیشت پرسالانہ رپورٹ
کراچی(آئی این پی) سٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 26 کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق مالی سال 26 میں تمام اہم اقتصادی اظہاریے بہتر ہوئے اور معیشت نے ملکی و عالمی اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔رپورٹ کے مطابق محتاط زری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے سخت محنت سے حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو محفوظ رکھنے میں معاونت کی، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار میں بحالی کے باعث حقیقی جی ڈی پی کی نمو میں اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک کے تخمینے کے مطابق مالی سال 27 میں حقیقی جی ڈی پی کی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے، معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے درآمدات کا حجم بڑھا جبکہ عالمی ناموافق رجحانات کے باعث برآمدات محدود رہیں۔۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ مالی سال 27 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے جبکہ مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حد میں آجائے گی۔