3ٹریفک حادثات،4باراتیوں سمیت 6 ہلاک

رائیونڈ میں ٹرالر سے ٹکرا کر باراتیوں کی بس الٹنے پر 4افراد، کاہنہ میں کار کی ٹکرسے 2راہگیر چل بسے ،27زخمی ہسپتال منتقل 
لاہور، رائیونڈ،نارنگ منڈی ،کالا شاہ کاکو(کرائم رپورٹر، خصوصی رپورٹ )صوبائی دارالحکومت میں رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات،4باراتیوں سمیت 6افراد جاں بحق،27زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ رائیونڈ کے علاقہ کڑیال میں جیا بگا پھاٹک کے قریب باراتیوں سے بھری بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکراکر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں بس میں سوار35 سالہ محمد شریف،42 سالہ رفاقت،45 سالہ اکرام اور 15 سالہ یاسمین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 19افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں8 سالہ نور فاطمہ ،10سالہ عبداللہ ،12سالہ کشف ،14 سالہ علی ،15سالہ شیروز ،16سالہ سونیا ، 18سالہ علی،25سالہ حنفہ،30سالہ امجد ، 35 سالہ عبداللہ ، 36سالہ یوسف ،36سالہ بلقیس بی بی ،38 سالہ آسیہ ،40سالہ یاسین، 40سالہ منیبہ ، 47سالہ حسینہ ،50سالہ ہدایت علی اور80سالہ جان محمد شامل ہیں۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بھاری مشینری کے ذریعے گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالا، ۔دوسرا حادثہ تاج باغ کینال روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں کار الٹ گئی۔4خواتین سمیت 8افراد زخمی ہوگئے ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھ سکاحادثے میں چار مرد اور چار خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔تیسرا حادثہ کاہنہ کاچھا انٹرچینج رنگ روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق گاڑی بیقابو ہوکر سڑک عبور کرنے والے افراد سے جا ٹکرائی،جس کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔واقعے کے بعد کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہیپولیس کے مطابق حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے۔