پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی محفوظ، فوری بحران کا کوئی خطرہ نہیں:محمد اورنگزیب

پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی محفوظ، فوری بحران کا کوئی خطرہ نہیں:محمد اورنگزیب

وفاقی حکومت پاکستان نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور عوام کو یقین دلایا کہ فوری طور پر کسی بحران کا خطرہ نہیں۔

محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارچ کے مہینے کی ضروریات کے لیے ایندھن کے ذخائر مکمل طور پر محفوظ ہیں، جبکہ اپریل کے لیے بھی پیشگی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے تاکہ سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ سے مزید سپلائی چینلز تلاش کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ کمی سے بچا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاوجہ گھبراہٹ میں آ کر ایندھن ذخیرہ نہ کریں کیونکہ موجودہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

تاہم اجلاس میں ایک اہم تشویش بھی سامنے آئی، جہاں سیکرٹری پیٹرولیم نے خبردار کیا کہ 14 اپریل کے بعد ملک میں ایل این جی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں پاور سیکٹر کی گیس ضروریات پوری کرنا مشکل ہو جائے گا۔حکومت ایل این جی کی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے متبادل انتظامات پر غور کر رہی ہے، جن میں اسپاٹ مارکیٹ سے خریداری اور مقامی وسائل کے بہتر استعمال کی حکمت عملی شامل ہے۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ توانائی کے شعبے پر دباؤ کم کرنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ پلان زیر غور ہے، تاہم ابھی تک کسی بڑے بحران کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔