’’را‘‘دہشت گردوں کی ماں کاکردار ادا کررہی ،کارروائیوں کیلئے اسلحہ فراہم کررہی
فوج کا کوئی جوان دہشتگردوں کی حراست میں نہیں ، فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو
فیصل آباد(خصوصی رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ’ را‘ پاکستان میں دہشت گردوں کی ماں کاکردار ادا کررہی ہے،بھارتی میڈیا اور ایک سیاسی جماعت نے پروپیگنڈا کیا۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے، سفاکانہ کارروائیوں کیلئے فنڈز اور اسلحہ فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کی سوچ اور خیالات آپس میں نہیں ملتے، ان سب کو ’را‘ نے اکٹھا کیا ہے۔وزیراعظم کے مشیرکا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارا ہمسایہ افغانستان جس کی پناہ گزینوں کی شکل میں ہم نے سالہاسال مدد کی ہے، افغانستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، مگر افغان حکومت پروکسی کا کردار ادا کررہی ہے، دہشتگردوں کو جس قسم کی سہولت فراہم کی ہوئی ہیں، ان کی مدد سے وہ دہشتگردی کی کارروائیاں کرتے ہیں جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنائے جانے کے تاثر کو یکسر مستردکرتے ہیں یہ بالکل غلط بات ہے، انہوں نے کہا کہ کارروائی ہوتی ہی انڈیا نے پروپیگنڈا شروع کردیا اور ساتھ ہی ہمارے ملک کی ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا بھی بھارتی میڈیا کے ساتھ شروع ہوگیا اور انہوں نے اس چیز کو اس طرح ابھارا جیسے یہ کوئی بہت بڑا واقعہ ہوگیا اور خدانخواستہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔راناثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ گرینڈ آپریشن کی صرف بات بنی ہوئی ہے، کسی گرینڈ آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے، نہ گرینڈ آپریشن کی کوئی شکل ہوتی ہے، اس سے بڑا گرینڈ آپریشن کیا ہوگا کہ روزانہ کی بنیاد پر بیسیوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں اور دہشتگرد مارے جارہے ہیں، اسی آپریشن سے دہشتگردی کنٹرول ہوگی اور دہشت گرد نیست و نابود ہوں گے۔ پاک فوج کا کوئی جوان دہشتگردوں کی حراست میں نہیں ہے۔رانا ثنا اللہ جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوان مزمل کے گھر تعزیت کیلیے گئے انہوں نے 29 چک میں ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔