بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان اپنی نئی ویڈیو میں ایک نئے روپ کے ساتھ سامنے آئے ہیں، جس میں انہوں نے اپنی مشہور داڑھی کو شیو کروا دیا ہے۔
یہ تبدیلی دیکھ کر ان کے فینز حیران رہ گئے ہیں۔ کچھ عرصے سے داڑھی میں دکھنے والے "بجرنگی بھائی" نے اپنی آنے والی فلم 'سکندر' کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد کلین شیو کروا لیا ہے، اور جیسے ہی ان کی نئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئیں، مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔کچھ مداح اپنے بچپن کے ہیرو کو اس نئی شکل میں دیکھ کر دکھی ہوئے جبکہ کچھ نے ان کی نئی شکل کی تعریف بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا، "ہمارے بچپن کے ہیرو کو بوڑھا ہوتا دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔" تاہم، ایک پرستار نے سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "میگاسٹار بھائی جان کل بھی ہینڈسم تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔" ایک اور مداح نے تبصرہ کیا، "وہ بالکل اپنے والد سلیم خان کی طرح لگتے ہیں۔
" ایک اور مداح نے لکھا، "دنیا کے سب سے خوبصورت انسان سلمان خان۔"سلمان خان کی فلم 'سکندر' کو اے آر مروگاداس نے تیار کیا ہے اور یہ ممبئی اور حیدرآباد سمیت متعدد مقامات پر 90 دنوں میں شوٹ کی گئی۔ فلم میں چار گانے، تین ڈانس نمبرز اور پانچ بڑے ایکشن سیکوینس شامل ہیں، جو کہ سلمان خان کے منفرد انداز کو اجاگر کرتے ہیں۔'سکندر' عید کے موقع پر ریلیز ہوگی، اور اس کے بعد سلمان خان 'کِک 2' میں واپسی کریں گے، جس کا شائقین بے حد انتظار کر رہے ہیں۔