لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک یا دو مہینوں کے لیے نہیں دیرپا ہوگی۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کو ایک ڈسپنسری سے ہسپتال میں تبدیل کیا، یہ ہسپتال علاقے کی خدمت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی خاص ہدایت تھی کہ غریب افراد کے لیے آسانیوں کا باعث بنیں، یہاں روزانہ کی بنیاد پر افطاری کروائی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرولیم کی منسٹری دینے کے ساتھ حکم دیا کہ عوام کو گیس کی لوڈشیڈنگ کی تکلیف پیدا نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ سے گزر رہا ہے، ہم نے طے کرنا ہے کہ 70 اور 80 سال والا پرانا راستہ طے کرنا ہے یا اصلاحات کا راستہ اختیار کرنا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک روپیہ جو پٹرول اور ڈیزل کی مد میں اکٹھا کیا جائے گا، اس پر شہباز شریف جلد بجلی کی قیمت گھٹانے کا اعلان کریں گے، بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے تو لوگوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بہترین انداز میں چلے ہیں، آئی ایم ایف نے شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ہے، ہر جماعت کو پاکستان کے لیے اپنی پسند نا پسند سے الگ ہوکر اکٹھا ہونا پڑے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اپنے مفاد کے لیے سیاست کرے گا عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے۔