لاہور ( کرائم رپورٹر )سرکاری گاڑیوں کو فیول کی رقم 8 کروڑ روپے کی عدم ادائیگی کے معاملہ میں لاہور ہائیکورٹ میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے سیکرٹری بلدیات کو درخواست گزار کو سن کر 19 جون تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس انوارحسین نے میسرز برائٹ ڈے فلنگ سٹیشن کی درخواست پر سماعت کی ، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عمران خان پیش ہوئے اور بتایا کہ سیکرٹری بلدیات نے درخواستگزار کا موقف سننے کیلئے اسے 12 جون کیلئے نوٹس جاری کیا ، درخواستگزار پیش نہیں ہوا ، اب سیکرٹری بلدیات نے 17 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔عدالت نے درخواست گزار کو آج سیکرٹری بلدیات کے روبرو پیش ہونے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو 19 جون تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔