نو مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی کے وکیل نے ضمانتوں پر دلائل مکمل کر لیے
ہائیکورٹ نے جیل ملاقاتوں کی درخواست پر فائل واپس چیف جسٹس آفس کو بھجوا دی
لاہور ، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔لاہور کی اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے بڑا منصفانہ موقع دیا۔مگر ملزم کی ضد اور انکار کی وجہ سے کوئی رزلٹ حاصل نہیں ہوسکے۔عدالت سمجھتی ہے کہ ملزم ٹیسٹوں سے انکار کرکے ٹرائل کا سامنا کرنے سے گریز کررہا ہے۔اس سے ظاہر ہوتا ہے بانی پی ٹی آئی تفتیش ٹیم سے تعاون نہیں کیا۔نو مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست ضمانتوں پر دلائل مکمل کر لیے۔ آج پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے طلب کر لیا گیا۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیے کہ پراسیکیوشن کا کیس پندرہ سو افراد پر مشتمل ہے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف تاحال چالان نہیں آیا جبکہ سپریم کورٹ نے چار ماہ میں نو مئی کے تمام ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 2 کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد احتجاج کیس میں ملزموں سے ان کے وکالت نامے طلب کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا عندیہ دے دیا۔یکم جولائی سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کیجسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کے معاملہ میں درخواست پر مناسب آرڈر کیلئے فائل واپس چیف جسٹس آفس کو بھجواتے ہوئے کہاہے کہ لارجر بنچ نے فیصلہ دیاتھا اور اب کیس کو لارجر بنچ ہی سنے گا۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ عدالت سنگل بنچ کیس سن سکتا ہے یا نہیں ، پہلے طے کرے گی۔ادھر بعدازاں عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے فائل واپس چیف جسٹس آفس کو بھجوانے کا حکمنامہ بھی جاری کردیا۔انسداددہشتگردی عدالت نمبر 2 کیجج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس ودیگرکے خلاف مقدمہ کے جیل ٹرائل کیلئے لکھے خط کا جواب نہ آنے پر سماعت ملتوی کردی۔عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی، گولڑہ اور بارہ کہو کے مقدمات کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔