حکومت کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں ہے: یوسف رضا گیلانی

 جدید ٹیکنالوجی کو اس طریقے سے اپنائیں  پارلیمانی نظام میں انقلابی تبدیلیاں  ہوں،سینیٹ نے قانون سازی میں جدیدیت کیلئے  اہم پیش قدمی کی 
ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور عوامی خدمت کی بہتری کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال اب کوئی سوال نہیں بلکہ ایک ضروری حصہ بن چکا ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا ہے  حکومت کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں ہے،  جدید ٹیکنالوجی کو اس طریقے سے اپنائیں کہ پارلیمانی نظام میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں،ایوان بالا نے قانون سازی میں جدیدیت کے لئے انتہائی اہم پیش قدمی کی ہے،  ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور عوامی خدمت کی بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال اب کوئی سوال نہیں بلکہ ایک ضروری حصہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ میں منعقدہ مصنوعی ذہانت (اے آئی )سے متعلق نالج سیشن سے خطاب کرتے ہوئے  کیا  ۔ چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ  مصنوعی ذہانت (AI) پارلیمان کو عوام سے بہتر طور پر جوڑنے اور ڈیٹا کا بروقت تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔   حکمرانی کو موثر، فعال اور ذمہ دار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا کردار کلیدی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا یورپی یونین کی  سفیر  ڈاکٹر رینا کیونکا، عامر ابراہیم، سی ای او جاز، اور معزز شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔یورپی یونین مشن کا شکریہ جنہوں نے پارلیمانی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل تعاون فراہم کیا۔ سفیریورپی یونین کی بدولت پارلیمانی بجٹ آفس کے قیام اور سینیٹ کے لیے مصنوعی ذہانت AI ٹولز کی تیاری ممکن ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ  نے کہا  یورپی یونین کی پارلیمانی اداروں کے ساتھ وابستگی کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔