متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں 24 جولائی کو مقرر

متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں 24 جولائی کو مقرر

اسلام آباد: متنازع ٹوئٹس کیس میں سزا پانے والی وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں 24 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس محمد اعظم خان دونوں درخواستوں پر سماعت کریں گے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو جاری اپنے حکم میں اسلام آباد ہائیکورٹ کو ہدایت کی تھی کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر دو ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے۔اس سے قبل یہ مقدمہ 4 جون کو بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث سماعت نہ ہو سکی تھی۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں بھی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں 21 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر ہیں، جہاں عدالت ان درخواستوں پر قانونی نکات کا جائزہ لے گی۔قانونی ماہرین کے مطابق آئندہ سماعتوں میں عدالتیں سزا معطلی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کی آئندہ کارروائی کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کر سکتی ہیں۔