پیداواری صلاحیت کو موجودہ سطح سے بڑھا کر 30 لاکھ ٹن سالانہ کرنے کی تجاویز تیار کی جا رہی ہیں
منصوبے سے قومی سٹیل صنعت دوبارہ فعال ہو گی، صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا:وزارت صنعت و پیداوار
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اسٹیل ملز کو عالمی معیار کے مطابق فعال کرنے کا بڑا منصوبہ، سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی دلچسپی ظاہر کر دی۔ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان اسٹیل ملز کو جدید خطوط پر بحال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اس سلسلے میں چین اور روس کے بعد سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی مل چلانے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان اسٹیل ملز میں ممکنہ سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اسٹیل ملز کی پیداواری صلاحیت کو موجودہ سطح سے بڑھا کر تقریبا 30 لاکھ ٹن سالانہ کرنے کی تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پلانٹ اور مشینری کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ چینی اور روسی کمپنیوں کے کنسورشیم نے حال ہی میں اسٹیل ملز کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس حوالے سے مشترکہ سرمایہ کاری کا امکان بھی موجود ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے قومی سٹیل صنعت دوبارہ فعال ہو گی، صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور ہزاروں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔