سی ٹی ڈی نے پنجاب میں ایک ماہ میں 425 آئی بی اوز آپریشنز کیے، 49 دہشت گرد گرفتار

سی ٹی ڈی نے پنجاب میں ایک ماہ میں 425 آئی بی اوز آپریشنز کیے، 49 دہشت گرد گرفتار

سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خدشات کے پیشِ نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 425 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBO) کیے ہیں۔

ان کارروائیوں کے دوران 49 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جن میں مقامی عناصر کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی ایجنٹ بھی شامل ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گجرانوالہ، ڈی جی خان، فیصل آباد، ساہیوال، چنیوٹ، پاک پتن، خوشاب، نارووال، سیالکوٹ، اٹک اور وہاڑی میں کی گئیں۔لاہور سے گرفتار دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ نکلا، جس کے قبضے سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ، 2 IED بم، 6 ڈیٹونیٹر، 36 حفاظتی فیوز وائر، 38 فٹ پمفلیٹ اور نقدی/پرائمہ کارڈ برآمد ہوئے۔ دہشت گردوں سے اہم عمارتوں کے نقشے بھی برآمد ہوئے، جن سے یہ منصوبہ بنایا جا رہا تھا کہ مختلف مقامات پر حملے کر کے عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا جائے۔گرفتار دہشت گردوں کی شناخت شوکت نوید، عبدالرحمن، امجد خان، محمد شاہد، محمد ابرار، دانش خان، خلیل احمد، جمیل الرحمن، احسان اللہ، نادر، وقاص، حسنین، فاروق، جمشید اور اولاد خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ایک ماہ کے دوران 6,131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 599 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 243,546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔یہ کارروائیاں عوام میں دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے اور دہشت گرد عناصر کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کے لیے کی گئی ہیں، اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مستقبل میں بھی انسداد دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔