ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر گزشتہ روز ایک حملہ کیا گیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہوگئے۔ حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہو کر 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، تاہم سیف کی فوری مزاحمت کے دوران وہ زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ آور سیف علی خان کے چھوٹے بیٹے جہانگیر علی خان (جے) کے کمرے میں داخل ہوا۔ حملہ آور نے گھر میں زبردستی داخل ہو کر سیف سے 1 کروڑ روپے کا تاوان مانگا۔ انکار کرنے پر اس نے سیف علی خان پر حملہ کیا۔ نرس نے بتایا کہ اس دوران شور سن کر دوسری نینی، جس کا نام جونو ہے، جاگ گئی اور مدد کے لیے پکارا، جس پر سیف علی خان اور کرینہ کپور کمرے میں پہنچے۔ سیف نے حملہ آور کا مقابلہ کیا اور اس دوران زخمی ہوگئے۔نرس کے مطابق، ایک اور اسٹاف ممبر گیتا نے بھی مداخلت کی اور وہ بھی زخمی ہوگئیں۔ اس کے بعد حملہ آور اضافی عملے کے پہنچنے سے پہلے فرار ہوگیا۔
پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جوائنٹ کمشنر ستیا نارائن چوہدری نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ حملہ آور کی جانب سے 1 کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ محض قیاس آرائی ہے، اور یہ واقعہ صرف چوری کی کوشش تھا۔ پولیس کے مطابق، ملزم آتشزدگی کی صورت میں ایگزٹ والے راستے سے گھر میں داخل ہوا تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔