بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور پٹودی خاندان نے بھوپال میں اپنی موروثی زمین پر تقریباً 25 سال پرانا عدالتی تنازع جیت لیا ہے۔
مدھیہ پردیش کی ضلعی عدالت نے نیاپورہ، بھوپال میں واقع 16.62 ایکڑ زمین پر پٹودی خاندان کی ملکیت کو بحال کیا۔ اس فیصلے کے تحت سیف علی خان، ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور اور بہنوں کے حقوق قانونی طور پر تسلیم کر لیے گئے۔یہ زمین 1998 سے عدالتی تنازع کا شکار تھی، جب مدعی عقیل احمد اور دیگر افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ زمین ان کے آبا و اجداد کو 1936 میں سابق ریاست بھوپال کے نواب حمید اللّٰہ خان نے تحفے میں دی تھی۔ تاہم عدالت نے مدعی کے دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس دستاویزی شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر مقدمہ مسترد کر دیا۔رپورٹس کے مطابق اس زمین کی مالیت تقریباً 16 ہزار کروڑ بھارتی روپے (1.6 ارب ڈالر) بتائی جاتی ہے۔