سٹے بازوں نے شوگر ملوں کے گٹھ جوڑ سے فروری،مارچ کے پیشگی سودے اورقیمت طے کر لی
و زیر اعظم،وزیر اعلی اداروں کو جانچ پڑتال کیلئے ہدایات دیں:مرکزی صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن
لاہور(یواین پی) سٹے بازوں نے شوگر ملوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے جنوری کے بعد فروری اور مارچ کیلئے بھی پیشگی سودے اور قیمت طے کر لی ہے، اگر حکومت فی الفور متحرک نہ ہوئی تو رمضان المبارک میں پرچون سطح پر چینی کی قیمت 180سی190روپے تک پہنچنے کا اندیشہ ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے متعلقہ اداروں کو فی الفور جانچ پڑتال کرنے اور مافیا ز کا ہاتھ روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایات جاری کریں۔ان خیالات کا اظہار مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ نے اپنی زیر صدارت ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سرپرست حاجی طارق فیروز، چیئرمین رانا منظور، چودھری لیاقت،سینئر نائب صدورحاجی رمضان، حاجی نواز، چودھری لیاقت، ابو بکر،ملک وسیم، محمد شاہد، اشرف تابانی، خالد رشید، مقصود الرحمن بھٹی،میاں شکیل، سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد بوٹا ساجد اور ذیشان غفور نے شرکت کی۔طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ کنگ میکر اس وقت سر گرم ہیں اور انہوںنے شوگر ملوں کے ساتھ مل کر جنوری کے بعد فروری اور مارچ کے سودے اور قیمت طے کر لی ہے،ہم حکومت کو گزشتہ دو ماہ سے اس حوالے سے متنبہ کر رہے ہیں لیکن ہماری شنوائی نہیں ہو رہی