سروسز سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری

 غیر رجسٹرڈ ہوٹلز ،ریسٹورنٹس، میرج ہالز، مارکیز،سیلونز اور کورئیر سمیت دیگر سروسز سیکٹرز کا گھیرا تنگ
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب ریونیو اتھارٹی کے حالیہ سروے میں صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس میں 20 ہزار سے زائد غیررجسٹرڈ سروسز فراہم کرنے والے کاروبار سامنے آئے ہیں۔سروے کے مطابق ہزاروں سروس سیکٹرز ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، جس کے باعث صوبائی ریونیو کو بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے تمام سروس سیکٹرز کو فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے اور تشکیل شدہ انفورسمنٹ ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر زون وائز کارروائیاں تیز کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیمیں غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس، میرج ہالز، مارکیز اور سیلونز کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ کوریئر سروسز، ہوٹلز، ٹیلی کمیونیکیشن سمیت دیگر سروس سیکٹرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔اتھارٹی نے غیررجسٹرڈ کاروباروں کو فوری رجسٹریشن اور ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے ٹیکس نیٹ میں توسیع، ریونیو میں اضافہ اور شفاف نظام کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔