صدر ٹرمپ کا گھر میں قتل ہونے والے ہالی ووڈ ڈائریکٹر پر طنز

 رائنر کی موت پراگندہ ذہنیت کا نتیجہ، جس کی وجہ سے انہوں نے دوسروں کو جنونی بنا دیا تھا 
واشنگٹن (آئی این پی)ہالی وڈ کی مشہور شخصیت، ہدایت کار اور اداکار رابرٹ روب رائنرکی موت پر جہاں پورا ہالی وڈ سوگوار تھا، وہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازعہ اور ناپسندیدہ بیان دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔78 سالہ رائنر اور ان کی اہلیہ 68 سالہ مشل سینگر رائنر اتوار کو اپنے لاس اینجلس کے گھر میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس کا خیال ہے کہ دونوں کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ ابتدا میں اسے چوری کی واردات ظاہر کیا جارہا تھا۔ تاہم اب پولیس نے جوڑے کے 32 سالہ بیٹے نِک رائنر کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔اس واقعہ کے ایک  روز  بعد، ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں بغیر کسی ثبوت کے دعوی کیا کہ رائنر کی موت کا سبب ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ رائنر کی موت پراگندہ ذہنیت کا نتیجہ تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے دوسروں کو جنونی بنا دیا تھا۔ٹرمپ نے رائنر کو پاگل اور پریشانی کا شکار قرار دیا۔ روب رائنر 1970 کی دہائی کے مقبول سی بی ایس ٹیلی وژن کامیڈی شو آل اِن دی فیملی میں شریک اداکار کے طور پر شہرت حاصل کر چکے تھے۔اس کے علاوہ انہوں نے فلمی دنیا میں بطور ہدایتکار بھی نمایاں مقام حاصل کیا اور کئی یادگار فلمیں بنائیں، جن میں دی پرنسس برائیڈ، دس اِز اسپائنل ٹیپ، وین ہیری میٹ سیلی، اسٹینڈ بائی می اور دی امریکن پریزیڈنٹ شامل ہیں۔