مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر منحصر کرے گی:آصف زرداری

پاکستان بحرِ ہند کے علاقے میں سمندری تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے‘ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی جیسے مسائل کو حل کرنا ہوگا
گوادر پورٹ کو علاقائی روابط کے مرکز میں بدلا جا رہا ہے، تجارت اور سمندری اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا،پاکستان چاہتا ہے  خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے:بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین بحرِ ہند علاقائی فورم سے ویڈیو خطاب

اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  دنیا کی بڑی آبادی چین اور ہمارے خطے کے دیگر ممالک میں رہتی ہے اس لیے مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر منحصر کرے گی۔بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین بحرِ ہند علاقائی فورم سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا  پاکستان بحرِ ہند کے علاقے میں سمندری تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی جیسے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔پاکستان بحری شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت کا خواہاں ہے، پاکستان چاہتا ہے  ہمارا خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے۔صدر مملکت نے ویڈیو پیغام میں بحر ہند میں امن، ترقی اور پائیداری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت گوادر پورٹ کو ترقی دی جا رہی ہے اور گوادر پورٹ کو علاقائی روابط کے مرکز میں بدلا جارہا ہے، گوادر بندرگاہ سے تجارت اور سمندری اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ پاکستان نے نیشنل میری ٹائم پالیسی متعارف کرائی جبکہ پائیدار ماہی گیری اور سمندری تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے، لیونگ انڈس پروجیکٹ جیسے منصوبوں کا مقصد ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور آلودگی کا مقابلہ کرنا ہے۔