صاف پانی کی فراہمی متاثر، شکایات کے باوجود پلانٹ مستقل بحال نہ ہوسکا
لاہور(خصوصی رپورٹ ) جوہر ٹا ئون کے ای بلاک میں نصب فلٹریشن پلانٹ عرصہ دراز سے غیر فعال ہونے کے باعث علاقہ مکین صاف پینے کے پانی کے حصول میں مشکلات کا شکار ہیں۔ رہائشیوں اور دکانداروں کے مطابق متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود پلانٹ کی مستقل بحالی کے لیے م ئوثر اقدامات نہیں کیے گئے۔مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ شکایات کے بعد فلٹریشن پلانٹ کو ایک روز کے لیے بحال کیا گیا، تاہم اگلے ہی روز دوبارہ بند کردیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو ایک مرتبہ پھر صاف پانی کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق غیر فعال فلٹریشن پلانٹ کے اطراف صفائی کی صورتحال بھی ابتر ہے، جہاں گندگی موجود ہے جبکہ فرش کی ٹائلیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث پلانٹ سے پانی حاصل کرنے والے افراد کو مزید مشکلات پیش آرہی ہیں۔مقامی دکانداروں نے کہا کہ صاف پانی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو محض عارضی طور پر پلانٹ چلانے کے بجائے اس کی مکمل مرمت اور مستقل فعالیت یقینی بنانی چاہیے۔