پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بیرسٹر گوہر نے اعتماد سازی کے لیے بانی کی فیملی اور اسیر رہنماؤں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے بانی کی فیملی کو مذاکرات اور لچک کا مظاہرہ کرنے پر قائل کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی فیملی جیل کے باہر متنازع گفتگو نہ کرنے پر راضی ہوگئی ہے۔ بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ان سے متعلق سوشل میڈیا پیغامات جاری نہیں کرے گی، اور پارٹی بشریٰ بی بی کے معاملے پر کوئی متنازع پریس کانفرنس نہیں کرے گی۔ ذرائع کے مطابق، بشریٰ بی بی کی رہائی قانونی طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔ کوٹ لکھپت جیل میں اسیر رہنماؤں کی اپیلوں پر جلد سماعت ہوسکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے بانی کی بہن نورین نیازی سے بھی طویل ملاقات کی۔ آئندہ ہفتے، بیرسٹر گوہر، محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس بانی کی فیملی سے ملاقات کریں گے، تاکہ بانی کی فیملی کو دوبارہ اعتماد میں لیا جا سکے۔ یہ تمام کوششیں بانی اور ان کی فیملی کے ساتھ اعتماد سازی کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ بشریٰ بی بی کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔