اخترمینگل نے 20 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا

بی این پی عوام کی مشکلات کے پیش نظر دھرنے کی جگہ اضلاع میں  ریلیاں نکالے گی
 ہمارا احتجاج اب نئی شکل میں جاری رہے گا: سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی میڈیا سے گفتگو
کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل ) نے مستونگ کے علاقے لکپاس پر گزشتہ 20 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔سربراہ پی این پی اختر مینگل نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا   احتجاج جاری رہے گا اور  ان کی جماعت عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر دھرنے کی جگہ اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی۔اختر مینگل کا کہنا تھا کوئٹہ میں 18 اپریل کو بی این پی کی مرکزی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیوں کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا۔  انہوں نے کہا کہ بی این پی جلسے، عوامی احتجاج کا آغاز کرے گی، پہلے مرحلے میں مستونگ، قلات، خضدار، سوراب میں جلسے کریں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں تربت، گوادر، مکران کے علاقوں میں احتجاجی جلسے ہوں گے، جبکہ تیسرے مرحلے میں نصیر آباد، جعفر آباد، ڈیرہ مراد جمالی و دیگر علاقوں میں جلسے کئے جائیں گے۔