ابرار الحق نے راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر تصویر نام کا گانا بنایا ،شاعری لوگوں کو پسند نہیں آئی
لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار ابرار الحق اور راحت فتح علی خان کا نیا گانا حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، جسے سننے والے پہلے پہل دھوکا کھا گئے اور اسے کوئی قومی نغمہ سمجھ بیٹھے۔ اس بار ابرار الحق نے راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر تصویر نام کا گانا بنایا ہے، لیکن اس کی شاعری لوگوں کو کچھ زیادہ پسند نہیں آئی۔گانے کے بول اور ابرار الحق و راحت فتح علی خان کی آواز کے انداز کی وجہ سے بعض سوشل میڈیا صارفین ابتدا میں یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید یہ کوئی قومی نغمہ ہے۔گانا سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، میں نے ابھی کیا سن لیا؟ آپ کو اپنی پی آرٹیم اور گیت نگار کو تبدیل کرنا چاہیے۔ یہ آپ کا روایتی انداز نہیں ہے، آپ ایک منفرد فنکار ہیں، اپنی خاصیت پر قائم رہیں۔ایک مداح نے تبصرہ کیا، مجھے لگا یہ قومی گانا اے وطن پیارے وطن ہے۔ایک اور صارف نے گانے کو مختلف معروف گانوں کا امتزاج قرار دیتے ہوئے لکھا، یہ میرے محبوب قیامت ہوگی اور اے وطن پاک وطن کا مکسچر لگ رہا ہے۔کچھ صارفین نے گانے کو پسند کرنے کے بجائے اس کے انداز کو قومی نغموں سے ملایا، جبکہ بعض نے ابرار الحق کو ان کے روایتی بھنگڑا انداز میں گانے کا مشورہ دیا۔