منی لانڈرنگ کیس،پرویز الہی طبیعت کی خرابی کے باعث پیش نہ ہو سکے

لاہور(آئی این پی )سپیشل سینٹرل کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی، مونس الہی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی طبیعت کی خرابی کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے پرویز الہی کی بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت میں دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے پرویز الہی کی بہو زارا الہی کو حاضری سے مستقل استثنی دے رکھا ہے، جبکہ اسی کیس میں مونس الہی کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر مشکوک بینک ٹرانزیکشنز اور اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں، کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔