ویب ڈیسک: پاکستان کی جانب سے پاک-بھارت کرکٹ میچ کے ریفری کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) متنازع معاملے کو حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ اگر ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔ادھر بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اے سی سی نے معاملہ سلجھانے کے لیے درمیانی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ تجویز دی گئی ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹایا جائے اور ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو بطور ریفری تعینات کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر پاکستان نے سخت ردعمل دیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ ریفری کی تبدیلی نہ ہونے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز میں شرکت نہیں کی جائے گی۔