چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں تقریب کے دوران حلف لیا
اسلام آباد(آن لائن)مقبول احمد گوندل نئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ مقبول احمد گوندل، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقبول احمد گوندل سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز ججز، وزیراعظم کے مشیر، حکومت پاکستان کے اعلیٰ افسران اور پی اینڈ اے اے ایس کے افسران سمیت دیگر معزز مہمانان بھی شریک ہوئے۔ مقبول احمد گوندل پاکستان کے 22ویں آڈیٹر جنرل ہیں جو آئین پاکستان 1973 کے تحت چار سالہ مدت کے لیے مقرر ہوئے ہیں۔ مقبول گوندل تین دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر رکھتے ہیں جس میں مالیاتی نظم و نسق، حکمرانی، آڈٹ، پبلک پروکیورمنٹ اور ایڈوائزری میں قیادت کا وسیع تجربہ شامل ہے۔