سیاسی عمل کو لیبیا کی قیادت میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے:عثمان جدون

پاکستان لیبیا کی قیادت اور ملکیت پر مبنی روڈ میپ کو استحکام کی ضمانت سمجھتا ہے
نیویارک(آئی  این پی )پاکستان نے  لیبیا کی خودمختاری، قومی وحدت اور شفاف سیاسی عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان ایک لیبیا کی قیادت اور ملکیت پر مبنی روڈ میپ کو استحکام کی ضمانت سمجھتا ہے اور اس حوالے سے مشن کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے نگران مستقل مندوب عثمان اقبال جدون نے  سلامتی کونسل میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے لیبیا (UNSMIL) پر بریفنگ کے دوران کیا ۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہنا ٹیٹے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ لیبیا میں امن، قومی مفاہمت اور سیاسی استحکام کیلئے  موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔عثمان اقبال جدون نے برطانیہ کے تعمیری تعاون کا بھی خیرمقدم کیا جو روڈ میپ پر عملدرآمد کے ضمن میں اہم رہا ہے۔ پاکستانی سفیر نے سیکرٹری جنرل کے سٹریٹجک جائزے اور اس میں دی گئی تجاویز کو مشن کو  زیادہ لچکدار اور نتائج پر مبنی بنانے کے لئے رہنما اصول قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مشن کے مینڈیٹ کو موثر بنانے اور لیبیا میں سیاسی عمل کو لیبیا کی قیادت میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔عثمان جدون نے کونسل کے سامنے پانچ کلیدی ترجیحات پیش کیں، جن میں خصوصی نمائندہ کے سیاسی روڈ میپ کی مکمل حمایت، عبوری مرحلے کی تکمیل، ادارہ جاتی استحکام، شمولیتی انتخابات کا انعقاد، اور واضح ٹائم لائنز کے تعین پر زور دیا گیا