کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے گلشن اقبال یاسین آباد ندی کے قریب فائرنگ سے حیدرآباد کا رہائشی 38 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مقتول کے ساتھ گاڑی میں موجود دو دوستوں سے پوچھ گچھ شروع کردی۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت فرقان ولد ظفر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 سے تھا۔ مقتول چار بچوں کا باپ اور اسکول یونیفارم کا کاروبار کرتا تھا، جو کاروباری سلسلے میں اکثر کراچی آتا رہتا تھا۔ایس ایچ او گلشن اقبال محمد سعود کے مطابق واقعے کے وقت مقتول فرقان اپنے دوستوں آصف اور وقاص کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھا اور تینوں عائشہ منزل کی جانب جارہے تھے کہ مبینہ طور پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فرقان زخمی ہوگیا