میری قیاد ت نواز شریف ،اپنی زندگی میں کبھی ووٹ مانگا ہے تو شہباز شریف ، حمزہ شہباز یا پھر مریم نواز کیلئے مانگا ہے
سالک کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا تو بات نہیں کرنی چاہیے تھی، اگر کوئی بات تھی بھی تو وزیراعلی یا وزیراعظم سے بات کرتے
لاہور(آئی این پی )اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہیکہمیری قیادت نواز شریف ہیں، میں نے اپنی زندگی کبھی ووٹ مانگا ہے تو وہ شہباز شریف کیلئے مانگا ہے، حمزہ شہباز یا پھر مریم نواز کیلئے مانگا ہے، بیک بینچ پر بیٹھ کر بھی پارٹی کی خدمت کرنا اعزاز ہوگا۔ ایک انٹرویو میں ملک احمد خان نے کہا کہ اگر نوازشریف کا فیصلہ ہوگا کہ میں پیچھے بیک بینچ پر بیٹھ کر پارٹی کی خدمت کروں اور ایک کارکن کی حیثیت سے کام کروں تو میرے لئے یہ بھی اعزاز کی بات ہوگی۔میں ان کے ٹکٹ پر منتخب ہوا ہوں، میں ان کے دھڑے کا آدمی ہوں اور اصول پسندی کے ساتھ سیاست کرنے والا شخص ہوں۔نئے صوبے کے لئے وزیراعلی بننے کے حوالے سے اپنے متعلق گردش کرنے والی باتوں پر انہوں نے کہا کہ یہ سوال ان لوگوں سے پوچھاجائے جو میرا نام لے کر ایسی باتیں کر رہے ہیں۔مجھے نہیں معلوم کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔ جن لوگوں نے یہ باتیں کی ہیں، وہ ہماری مخالف سیاست سے تعلق رکھتے ہیں۔ جو لوگ مجھے جانتے ہیں، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اصولی طور پر اس بات کے حق میں ہوں کہ اس وقت آپ کی جو سیاسی پوزیشن ہے، اسے ملک کو آگے لے جانے کیلئے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن کی بنیاد پر عام لوگوں کا بھلا ہو، اور مریم نواز اسی سمت میں کام کر رہی ہیں۔چوہدری سالک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میری چوہدری سالک سے بھی بات ہوئی ہے اور مریم نواز کے قریبی لوگوں سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔ اگر چوہدری سالک کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں تھا تو انہیں یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ اور اگر ایسی کوئی بات تھی بھی تو انہیں وزیراعلی یا وزیراعظم سے بات کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ ڈی سی سے متعلق بات حکومت کے نوٹس میں ہو اور انہوں نے کسی خواہش کا اظہار کیا ہو، جسے حکومت نے تسلیم نہ کیا ہو۔ میں نے تو انہیں یہی مشورہ دیا کہ اس معاملے پر مزید بات نہ کریں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اگر انہیں کرپشن کا خدشہ ہے تو انہیں پنجاب حکومت کے اینٹی کرپشن کے اقدامات دیکھنے چاہییں، جن کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت اور قومی اسمبلی کا معاملہ ہے۔ میرے علم میں ایسی کوئی مفاہمت یا مسودہ موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اور اگر کوئی ایسی ترمیم ہے تو اسے کھل کر سامنے لانا چاہیے۔